Israel ibn Yunus
Quick Facts
Biography
اسرائیل بن یونس کوفی تابعی، راویان حدیث نبوی میں سے ایک، محدث ابو اسحاق سبیعی کے پوتے، محدث یونس بن ابی اسحاق کے فرزند اور عیسی بن یونس کے بھائی تھے۔ امام ابو حنیفہ کی علمی مجلس کے ساتھی تھے۔
عالم، فاضل، محدث، ثقہ، فقیہ کامل تھے، امام اعظم و امام ابو یوسف سے حدیث کو سنا اور فقہ حاصل کی اور آپ سے وکیع بن جراح اور عبد الرحمن بن مہدی نے روایت کی۔ امام احمد بن حنبل اور یحیی بن معین نے آپ کی ثقابت کی شہادت دی۔ امام بخاری و مسلم نے آپ سے تخریج کی۔
نام و نسب
اسرائیل بن یونس بن اسحٰق کوفی : کنیت آپ کی ابو یوسف تھی۔ پورا سلسلہ یہ ہے۔
اسرائیل بن یونس بن ابی اسحاق، عمرو بن عبد اللہ بن علی بن احمد بن ذی یحمد بن سبیع بن سبیع بن صعب بن معاویہ بن کثیر بن مالک بن جشم بن حاشد بن جشم بن خیوان بن نوف بن ہمدان
ولادت
100ھ میں شہر کوفہ کی مردم خیز زمین میں پیدا ہوئے۔
فضل و کمال
انہوں نے مرکز علم کوفہ میں نشو و نما پائی اور فطری علمی ذوق کی بنا پر وقت کے اکابر علما کے فیض سے مالا مال ہوئے۔ خود ان کا خانوادہ بھی علم و فضل میں ممتاز حیثیت رکھتا تھا۔ چنانچہ ان کے دادا ابو اسحاق سبیعی کا شمار جلیل القدر تابعین میں ہوتا ہے۔ تمام علما و محققین نے بالاتفاق ان کی توثیق کی ہے۔
اسرائیل بن یونس اپنے انہی شہرہ آفاق جد امجد سے خاص طور پر مستفید ہوئے، چنانچہ ابو اسحاق سبیعی کی تمام مرویات انہیں ازبر تھیں۔ عیسی بن یونس کہتے ہیں کہ: «مجھ سے میرے بھائی اسرائیل نے بیان کیا کہ میں ابو اسحاق کی روایتوں کو اس طرح یاد کرتا تھا جیسے قرآن کی سورۃ حفظ کرتا ہوں۔»
شیوخ
سماک بن حرب، منصور بن معتمر، ابراہیم بن مہاجر، سلیمان اعمش، زیاد بن علاقہ، زید بن جبیر، عاصم بن بہدلہ، اسماعیل السدی، مجراہ بن زاہر اسلمی، عاصم احوال، ہشام بن عروہ اور یوسف بن ابی بردہ۔
تلامذہ
اسماعیل بن جعفر، وکیع بن جراح، عبد الرحمن بن مہدی، عبید اللہ بن موسی، فضل بن دکین، اسود بن عامر شاذان، محمد بن سابق، عبد اللہ بن صالح عجلی، ابو احمد زبیری، نفر بن شمیل، ابو داؤد طیالسی، عبد الرزاق بن ہمام، یحیی بن آدم، محمد بن یوسف فریابی، عبد اللہ بن رجاء سعدانی، یونس بن جعد۔
وفات
ان کی وفات باختلاف روایت 160ھ یا 162ھ میں ہوئی، بعض نے 161ھ لکھا ہے۔
حوالہ جات
- ↑ طبقات ابن سعد 6/ 219
- ↑ تاریخ بغداد ج 7، ص 20
- ↑ تہذیب التہذیب ج 1، ص 263
- ↑ میزان الاعتدال، ج 1، ص 97
- ↑ تذکرۃ الحفاظ، ج 1، ص 193
- ↑ تاریخ بغداد ج 7، ص 20
- ↑ تہذیب التہذیب ج 1، ص 261
- ↑ تذکرۃ الحفاظ ج 1، ص 193
- ↑ تاریخ بغداد ج 7، ص 20
- ↑ تہذیب التہذیب ج 1، ص 261
- ↑ تاریخ بغداد ج 7، ص 24
- ↑ سير أعلام النبلاء» الطبقة السابعة» إسرائيل نسخہ محفوظہ 15 جون 2016 در وے بیک مشین
- ↑ تهذيب الكمال للمزي» إسرائيل بن يونس بن أبي إسحاق الهمداني السبيعي